Brailvi Books

مَدَنی چینل کے بارے میں تأثرات (قِسْط دُوُم)
1 - 48
اَلْحَمْدُ للہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ 
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ؕ  بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِ  ؕ
مَدَنی چینل کے بارے میں  عُلَماء و شَخْصیّات
کے تأثرات کے اقتِباسات (قسط دُوُم)
دُرود شریف کی بَرَکت
	آفتاب ِ شریعت و طریقت ،شہزادۂ اعلیٰحضرت ،حُجَّۃُ الْاسلام حضرت مولانا حامد رضا خان علیہ رَحمَۃُ الحَنّان بَہُت بڑے عالمِ عُلومِ اسلام، پروانۂ شمعِ بزمِ شاہِ اَنام،جاں  نثارِ صَحابۂ کِرام،مُحبِّ اولیائے عِظام اور عاشقِ دُرود و سلام تھے۔ جب بھی علمی و تدریسی اوقات سے فرصت پاتے ذکرو دُرود میں  مشغول ہو جاتے ۔ آپ کے جسمِ اقدس پر پھوڑا ہوگیا تھا جس کا آپریشن ناگُزِیر تھا۔ ڈاکٹر نے بے ہوشی کا اِنجکشن لگانا چاہا تو مَنْع فرما دیا، آپ دُرودوسلام کے وِرد میں  مشغول ہو گئے ، عالَمِ ہوش وحَواس میں  دو تین گھنٹے تک آپریشن ہوتا رہا ، دُرود شریف کی بَرَکت سے کسی قسم کی تکلیف کا آپ نے اظہار نہ ہونے دیا !(تذکِرۂ مشائخِ قادِریہ رضویہ ص ۴۸۵)
صَلُّوا عَلَی الْحبیب!		صلَّی اﷲ تعالٰی علٰی محمّد